نئی دہلی،23؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) پاٹیدار انامت تحریک کمیٹی کے رہنما نریندر پٹیل کے بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے ایک کروڑ روپے کی پیشکش کے دعوے اور اس کے مبینہ انکشاف کے ایک دن بعد کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ گجرات انمول اور یہ کبھی نہیں خریدا جا سکتا ہے ۔ پٹیل جماعت کی قیادت والی پاٹی دار انامت تحریک کمیٹی کے کارکن نریندر پٹیل نے کل شام ایک پریس کانفرنس میں دعوی کیا تھا کہ انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کے لئے ایک کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی تھی ۔ یہ دعوی کرنے سے گھنٹوں پہلے وہ اعلان کر چکے تھے کہ وہ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے آج ٹویٹر پر لکھا کہ گجرات انمول ہے۔ اسے کوئی خریدا ہے اور نہ کبھی اس کو خریدا جا سکتا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نریندر پٹیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے کانگریس کے اشارے پر کیا جانے والا ایک ڈرامہ قرار دیا ۔بی جے پی گجرات یونٹ کے ترجمان بھرت پنڈیا نے کہا کہ تمام الزامات جھوٹے ہیں،یہ کانگریس کے اشارے پر نریندر پٹیل طرف سے کیا گیا ڈرامہ ہے ۔